نیوز ڈیسک
جموں//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ جموں وکشمیر میں جلد اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔ ستواری چٹھہ میں پارٹی ورکروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا’’جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات جلد سے جلد منعقد کئے جانے چاہئے ،ہمیں وزیر اعظم سے توقعات وابستہ ہیں کہ وہ اپنے وعدے کو پورا کریں گے‘‘۔ بخاری نے سال 2020میںمارچ 14/15کو وزیر اعظم کی طرف سے اْن کے گرمجوشی سے استقبال کو یا د کیا جوکہ دفعہ370اور35Aکی منسوخی کے بعد اْن سے پہلی ملاقات تھی۔ انہوں نے کہا’’ہم نے وزیر اعظم سے ملاقات کی کیونکہ اْس وقت لوگوں کو حدشات تھے کہ جموںوکشمیر میں غیر مقامی لوگ آکر آباد ہوں گے، جب لوگ مکمل طور مایوس اور بے بس تھے، ہم اْن کی نمائندگی کے لئے سامنے آئے۔چنانچہ خوشگوار ملاقات کے بعد وزیر اعظم نے جموں وکشمیر کے باشندگان کے لئے اراضی اور سرکاری ملازمتوں کے تحفظ کا وعدہ کیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کا اعتماد جیتنے کے لئے ریاستی درجہ بحال کیاجانا چاہئے اور مختلف مسائل پر عوام کی بڑھتی تشویش کو حل کرنے کے لئے اسمبلی انتخابات کرانے چاہئے۔انہوں نے کہا’’ہم نے وزیر اعظم کی آنکھوں میں سچائی دیکھی تھی ، لہٰذا ہم اْن سے توقع رکھتے ہیں کہ انتخابات ہوں گے اور لوگوں کو اپنی حکومت منتخب کرنے کا حق دیاجائے گا۔ دْنیا کے سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کے ناطے ، وزیر اعظم کو لوگوں کا مطالبہ تسلیم کر کے اْنہیں اپنے آئینی حقوق کا استعمال کرنے کی اجازت دینی چاہئے‘‘۔انہوں نے کہاکہ ایل جی حکومت نے جموں وکشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروسز اور جموں وکشمیر پولیس سروسز افسران کو گھیرلیا ہے اور اْن کی جگہ درآمد شدہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے جن کا دونوں خطوں میں لوگوں کے ساتھ رویہ غیر دوستانہ ہے۔انہوں نے کہا’’یہ تشویش کن امر ہے کہ جے کے اے ایس اور جے کے پی ایس افسران کو اہم عہدوں سے ہٹارہی ہے جبکہ یہ افسران ذمہ داری نبھانے کو تیار ہیں اور وہ جموں وکشمیر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں‘‘۔انہوں نے لوگوں سے کہاکہ جموں وکشمیر میں جب بھی اسمبلی انتخابات ہوں تو وہ حکومت میں تبدیلی لائیں ۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کے لئے سب سے بڑی آفت دفعہ 370اوردفعہ35Aکی منسوخی تھی اور پھر ملک بھر سے آئی اے ایس /آئی پی ایس افسران کو درآمد کر کے جے کے اے ایس /جے کے پی ایس افسران کی صلاحیتوں کو کمزور کرنا تھا جوکہ غیرمتوقع بڑھتے مسائل کے حل کرنے کے لئے بہتر جگہ پر کام کرنے کے مستحق تھے۔اْن کا مزید کہناتھاکہ پچھلے کئی سالوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی براہ راست جموں وکشمیر پر حکومت کر رہی ہے جنہوں نے درآمد شدہ آئی اے ایس/آئی پی ایس افسران کی مدد سے مشکلات پیدا کی ہیں۔ جب عوام کے سامنے اِن آئی اے ایس /آئی پی ایس افسران کی نااہلیت کو اْجاگر کیاگیاتو انہوں نے ناجائز تجاوزات مہم شروع کی اور غریب لوگوں کو گھر سے بے گھر کیا جن کے پاس چھوٹا سا قطعہ اراضی تھا۔انہوں نے کہا’’ہم لوگوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہم ایک انچ زمین کو چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے۔ لوگوں کو ہراساں کرنے والے افسران کو جوابدہ بنایاجائے گا۔‘‘انہوں نے یقین دلایاکہ لوگو ں کے قبضہ میں جو بھی اراضی ہے، اْس کے مالکانہ حقوق اْنہیں تفویض کئے جائیں گے اور کسی کو بھی زمین سے نکالا نہیں جائے گا۔ الطاف بخاری نے مزید کہا’’ہمیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ لوگوں کو چاہئے کہ وہ جموں وکشمیر میں اگلی سرکار بنانے کے لئے اپنی پارٹی کی حمایت کریں تاکہ ہم یکساں ترقی، وسائل کے تحفظ کرسکیں، غیر مقامی ٹھیکیداروں کو باہر کا راستہ دکھائیں ، نجی اور سرکاری سیکٹر میں ملازمتیں اور کاروبار کو مقامی لوگوں کے لئے محفوظ بنائیں۔‘‘الطاف بخاری نے سمارٹ سٹی پروجیکٹ سے متعلق لوگوں کی شکایات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ مکمل طور ناکام رہا ہے۔ انتظامیہ نے جموں میں کچھ خاص ٹھیکیداروں کو ہی ٹھیکے الاٹ کئے۔ سڑکوں کی حالت خستہ ہے۔ میونسپل حدود میں رہائشی بستیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ سمارٹ سٹی پروجیکٹ سے صرف جموں میونسپل کارپوریشن کے افسران اور غیر مقامی ٹھیکیداروں کو فائیدہ ہورہا ہے لیکن افسران اور غیر مقامی ٹھیکیداروں کے درمیا ن اِس گٹھ جوڑ کوبے نقاب کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ جموں میں مقامی اینٹ بھٹے بند ہونے کے دہانے پر ہیں جنہیں قواعد وضوابط کی آڑ میں ہراساں کیاجارہا ہے۔ انتظامیہ پنجاب کے اینٹ بھٹوں سے اینٹیں لانے کو ترجیحی دے رہی ہے۔ اس دوغلے پن کی وجہ سے جموں کے کاروباری طبقہ کے مفادات بْری طرح متاثر ہورہے ہیں اور اِس کاروبار سے وابستہ ہزاروں کنبوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پرزور دیاکہ مقامی اینٹ بھٹوں کے ساتھ امتیازی سلوک کو ختم کیاجائے اور پنجاب نشین اینٹ بھٹوں کی جموں میں خریداری بند کی جائے۔
وزیر اعظم جموں وکشمیر میں جلد اسمبلی انتخابات کرائیں