یواین آئی
نئی دہلی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 7 دسمبر 2023 کو تمل ناڈو کے شہر چنئی میں اور اس کے آس پاس سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا۔ یہ علاقے سمندری طوفان مگ جام سے متاثر ہوئے ہیں۔ تمل ناڈو سرکار کے خزانے اور انسانی وسائل کے بند وبست کے وزیر تھنگم تیناراسو اور چیف سکریٹری شیو داس مینا کے ساتھ وزیر دفاع نے یہ فضائی سروے کیا۔ مسٹرراج ناتھ سنگھ نے تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی اور تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا۔فضائی سروے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی سرکاریں بحران سے نمٹنے کے لئے مؤثر انداز میں مل کر کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستانی فوج ، ہندوستانی بحریہ اور ہندوستانی فضائیہ ، ہندوستانی ساحلی گارڈ، قدرتی سے آفات سے نمٹنے کی قومی فورس (این ڈی آر ایف) اور دیگر مرکزی ایجنسیاں راحت اور بچاؤ کارروائی میں ریاستی حکومت کی مدد کر رہی ہیں اور حالات کو معمول پر لانے کے لئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ رہی ہیں۔