بائی پاس پرٹریفک جام کا ڈراؤنا خواب ختم
سرینگر// حکومت نے منگل کو وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نائب وزیر اعلی سریندر چودھری کی “فوری ہدایات” کے بعدصنعت نگر فلائی اوور کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے کھول دیا۔محکمہ تعمیرات (آر اینڈ بی)کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ یہ فیصلہ علاقے میں ٹریفک جام اور مسافروں کی پریشانی کے بارے میں بار بار عوامی شکایات کے بعد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ’’وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ نے فلائی اوور کو فوری طور پر کھولنے کے لیے فوری ہدایات جاری کیں، کیونکہ لوگوں کو روزانہ کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔‘‘انہوں نے کہا کہ ڈھانچہ ٹریفک کی نقل و حرکت کے لیے تیار ہے، جبکہ معمولی فنشنگ کا کام جاری رہے گا۔صنعت نگر فلائی اوور، سری نگر ایئرپورٹ روڈ پر ایک اہم لنک اور شہر کے وسیع تر بھیڑ کم کرنے کے منصوبے کا ایک حصہ ہے اورتوقع ہے کہ گاڑیوں کے دباؤ کو کم کرے گا اور حیدر پورہ اور رام باغ کی طرف ٹریفک کی روانی کو ہموار کرے گا۔