شاندار سنچری بنانے پر یاور حسن پلیئر آف دی میچ قرار
یو این آئی
راجکوٹ/وجے ہزارے ٹرافی کے گروپ بی مقابلے میں جموں و کشمیر نے یکطرفہ مقابلہ میں آسام کو 142 رنز کے بھاری فرق سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ہیرو یاور حسن رہے جنہوں نے بلے بازی سے آسام کے گیند بازوں کے چھکے چھڑا دیے ۔جموں و کشمیر نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 341 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔اسٹار بلے باز یاور حسن نے 138 رنز کی شاندار اور دلکش اننگز کھیلی، جس پر انہیں ‘پلیئر آف دی میچ’ کے اعزاز سے نوازا گیا۔342 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں آسام کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور محض 36.1 اوورز میں 199 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جموں و کشمیر کی جانب سے ایم اشون نے تباہ کن گیند بازی کی اور صرف 34 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔تراپورہ کی پڈوچیری پر 7 وکٹوں سے آسان جیت ایلیٹ گروپ اے کے ایک اور مقابلے میں تراپورہ نے پڈوچیری کو ہر شعبے میں مات دیتے ہوئے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ تراپورہ کے گیند بازوں نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے پڈوچیری کو محض 150 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ 151 رنز کا ہدف تراپورہ نے انتہائی آسانی کے ساتھ 32.3 اوورز میں صرف 3 وکٹیں گنوا کر حاصل کر لیا۔