جموں// کانگریس رہنما وکارپوریٹر سنجواں، چواہدی وارڈ نمبر 74چوہتر چوہدری صوبت علی نے بروز جمعرات کو ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سلیم کا اپنی وارڈ میں دورہ کرایااور صحت وصفائی کی مہم چلائی۔ صحتِ عامہ کے آفیسر ڈاکٹر محمد سلیم کے ہمراہ متعلقہ صیغہ کا پورا عملہ تھا جس میں محکمہ صحت عامہ کے انسپکٹر محمد یونس، سپر وائزر محمد اقبال، خادم حسین، صادق علی، ماسٹر رومیش لال، بریام سنگھ کے علاوہ کم و بیش پندرہ صفائی کرمچاری بھی شامل تھے جنہوں نے صحت و صفائی کی کارروائی میں حصہ لیا۔ موصوف آفیسر نے ممبر ہذا کے ہمراہ وارڈ میں مختلف علاقوں سنجواں، جلالہ آباد، بٹھنڈی، زبیر آباد، حاجی کالونی،گجر کالونی،اور چواہدی نورآباد کا دورہ کیا اور صاف و صفائی کا جائزہ لیا گیا۔واضح رہے کہ چوہدری صوبت علی نے وارڈ ہذا سے آزاد امیدوار کے طور پر میونسپلٹی انتخابات میں کارپوریٹر کا چنائو جیتاتھا جس میں پانچ امیدوار میدان میں تھے اور موصوف بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب ہوئے تھے۔ گزشتہ چند روز قبل چوہدری صوبت علی نے چواہدی میں کانگریس پارٹی کے حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد کی سرپرستی میں کانگریس کا ایک بڑے پیمانہ پر جلسہ منعقدکرایا تھا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی تھی اور چوہدری صوبت علی نے غلام نبی آزاد کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ موصوف بلا لحاظ مذہب و ملت اور رنگ و نسل سماج میں خدمت خلق کرنے کے حامل ہیں ۔چوہدری صوبت علی نے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سلیم اور انکے صیغہ سے متعلق تمام عملہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔