موسم بہار کی آمد لوگوں کیلئےنئی اُمید، خوشحالی اور ترقی کی نوید لے کر آئے گا:وزیراعلیٰ
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل مشہور اِندرا گاندھی میموریل ٹیولپ گارڈن میں سالانہ ’ٹیولپ فیسٹول۔2026‘ کا اِفتتاح کیا جو زبر ون کی پہاڑیوں کے دامن میں واقع ہے جس سے وادی کشمیر میں بہار کے موسم کی آمد کا آغاز ہوا۔فیسٹول کے افتتاح کے ساتھ ہی ایشیا کے سب سے بڑے ٹیولپ گارڈن کو باضابطہ طور پر سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا جہاں تقریباً 18 لاکھ ٹیولپس کے دلکش پھول کھلے ہیں جوزائد اَز 75 اقسام پر مشتمل ہیں۔ یہ رنگ برنگے پھول باغ کے سیڑھی نما مناظر میں پھیلے ہوئے ہیں جہاں سے خوبصورت ڈل جھیل کا منظر بھی دِکھائی دیتا ہے۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ موسم بہار کی آمد جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے نئی اُمید، خوشحالی اور ترقی کی نوید لے کر آئے گا بالخصوص سیاحتی شعبے کے لئے جو خطے کی معیشت کا ایک بڑا محرک ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ٹیولپ فیسٹول وادی ٔکشمیر کی نمایاں سیاحتی تقریبات میں شامل ہو چکا ہے اور یہ کشمیر کی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثے اور مہمان نوازی کو ملک اور دُنیا بھر کے سیاحوں کے سامنے پیش کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ فلوری کلچر کو وقت پر ٹیولپ گارڈن تیار کرنے پر مُبارک باددِی اور کہا کہ محکمہ کے افسران اور مالیوں کی محنت قابلِ ستائش ہے جنہوں نے اس باغ کو خوبصورتی سے تیار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ آئندہ محکمہ فلوری کلچر اپنے ٹیولپ کے بلب خود تیار کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ بیرون ملک سے درآمدات پر انحصار بتدریج کم ہو جس کے لئے سکاسٹ کشمیر کا تعاون بھی ضروری ہوگا۔ اُنہوں نے کشمیر آنے والے سیاحوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کھلے ہوئے ٹیولپس کی دلکش خوبصورتی، رنگا رنگی اور خوشبو سیاحوں کو ایک منفرد اور یادگار تجربہ فراہم کرے گی۔اُنہوں نے ملک اور دُنیا بھر کے سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ موسم بہار کے دوران جموں و کشمیر کا رُخ کریں اور یہاں کی بے مثال قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوں۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جموں و کشمیرکوبے مثال قدرتی حسن اور دِلکش قدرتی مناظر سے نوازا گیاہے جو دُنیا کے مختلف حصوں سے نیچر سے محبت کرنے والوں اور سیاحوں کو اَپنی طرف متوجہ کرتا رہتا ہے۔۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ٹیولپ گارڈن آنے والے سیاح نہ صرف پھولوں کی خوبصورتی کو یاد رکھیں گے بلکہ وادی سے اَمن، ہم آہنگی اور خوشحالی کا پیغام بھی اپنے ساتھ لے کر جائیں گے۔اِندرا گاندھی میموریل ٹیولپ گارڈن جو ایشیا کا سب سے بڑا ٹیولپ گارڈن تسلیم کیا جاتا ہے، کشمیر میں موسم بہار کی اہم ترین سیاحتی پُر کشش مقامات میں سے ایک ہے اور توقع ہے کہ جاری ٹولپ فیسٹول ۔2026 کے دوران ہزاروں سیاح یہاں کا رُخ کریں گے۔اِس برس تقریباً 18 لاکھ ٹیولپس کی زائد ا۔ز 70 اقسام کے علاوہ تقریباً ایک لاکھ دیگر بلب دار پھول جیسے ڈافوڈلز، ہائسنتھس اور نرگس بھی لگائے گئے ہیں جو وادی کے بہاری مناظر میں مزید رنگ بھر رہے ہیں۔دورانِ تقریب وزیر اعلیٰ نے محکمہ فلوری کلچر کی جانب سے قائم کردہ سووینئر پوائنٹ کا بھی اِفتتاح کیا۔