سرینگر // وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا سلسلہ اتوار کی شام سے شروع ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارشوں اور برفباری ہو گی ۔محکمہ نے بالائی علاقوں میں تودے گرنے کی بھی وارننگ جاری کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں ٹریفک نظام میں خلل پڑنے کے علاوہ باغات میں بھی نقصان ہو سکتا ہے۔ اتوار کی شام سے مغربی ہوائوں نے وادی کا رخ کیا جس کے بعد شہر سمیت وادی کے اکثر علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ بارشوں کے نتیجے میں سردی میں بھی ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 22مارچ سے 24مارچ تک درمیانہ درجے سے لے کر موسلا دھار بارش یا برفباری کا امکان ہے۔محکمہ کے مطابق میدانی علاقوں میں شدید بارش ہو سکتی ہے اور بالائی علاقوں میں برفباری ممکن ہے۔ اسی طرح کرگل میں درمیانہ درجے کی برفباری جبکہ لیہہ میں ہلکی برفباری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 23 سے 24 مارچ کے دوران ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے۔کسانوں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ باغوں اور فصلوں پر 25 مارچ کے بعد دواؤں کا چھڑکاؤ کرے۔عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ 21 سے 24 مارچ کے دوران جموں کی جانب سفر کرنے سے پرہیز کریں۔خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اطلاع دی تھی کہ22اور 23مارچ کو شہر سرینگر کے علاوہ دیگر قصبہ جات میں بارش اور کہیں کہیں پر برفباری بھی ہوسکتی ہے اور یہ سلسلہ 24مارچ کی صبح تک جاری رہ سکتا ہے۔