۔20جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان،مغل روڑ اور سنتھن ٹاپ بدستور بند
سرینگر// وادی کشمیر کے کچھ بالائی علاقوں میں منگل کو ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کا گلمرگ پیر کی رات جموں اور کشمیر کا سب سے سرد مقام تھا جہاں کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.6 ڈگری سیلسیس تھا۔حکام نے بتایا کہ کمزور مغربی ڈسٹربنس کے زیر اثر کشمیر کے اونچے علاقوں بشمول مغل روڈ اور گاندربل کے بالائی علاقوں میں پیر کی رات ہلکی برفباری ہوئی۔منگل کے روز ہی وائلو کوکرناگ،ہیر پورہ شوپیان اور ویری ناگ میں ہلکی برفباری ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ کل رات کشمیر میں زیادہ تر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت گر گیا۔سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام میں پارہ منفی 6.8 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔قاضی گنڈ میں منفی،کوکرناگ میں منفی 2 اور کپواڑہ میں منفی 3.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔وادی کشمیر میں فی الوقت 40 دن کے شدید سردی کا دورانیہ چل رہا ہے ۔وادی کے میدانی علاقوں میں اس موسم میں اب تک کوئی برف باری نہیں ہوئی ہے۔6جنوری منگل کے روز محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق جنوبی، شمالی اور وسطی کشمیر کے الگ تھلگ اونچی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔آج یعنی7جنوری سے15 جنوری تک جزوی طور پر موسم ابر آلود رہے گا۔15اور 16کے درمیان اونچے علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے تاہم 16-18 جنوری تک جزوی طور اور19-20 جنوری کے دوران عام طور پر موسم ابر آلود رہے گا۔ 10 جنوری تک کم سے کم درجہ حرارت میں نمایاں کمی اور اس کے بعد 1-2 تک بڑھنے کا امکان ہے۔ جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں درمیانی دھند کے ساتھ الگ تھلگ مقامات پر گھنی دھند اگلے 2 دنوں کے دوران جاری رہے گی۔