بلال فرقانی
سرینگر //شہر سرینگر، جنوبی کشمیر اور وادی کے کئی دیگر علاقوں میں جمعرات کی سہ پہر تیز آندھی آنے سے متعدد تعمیراتی ڈھانچوں کی چھتیں اڑ گئیں اور لاسی پورہ پلوامہ میں کولڈ سٹورج گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی اور دیگر 4شدید زخمی ہوئے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق شہر سرینگر اور جنوبی کشمیر کے پانیور اور پلوامہ میں خاص طور پر قریب ساڑھے 4بجے تیز آندھی آئی جس نے قریب 40منٹ تک زندگی درہم برہم کردی۔50 سے 60کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی کا زور اس قدر شدید تھا کہ شہر سرینگر اور پلوامہ میں درجنوں مکانوں اور دکانوں کی چھتیں اڑ گئیں اور ٹین کی چادریں ہوا میں تیرتی ہوئیں گاڑیوں پر گھر گئیں۔اسکے علاوہ ٹین سے بنی ہوئی دیواریں بھی گر گئیں اور لکڑی سے بنے عارضی شیڈ بھی گر گئے۔
کئی علاقوں میں گاڑیوں کو شدید نقصان ہوا اور کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے اور درخت کھڑ گئے اور شام تک کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی بند رہی۔ بارہمولہ اور کولگام کے کئی علاقوں میں بھی تیز آندھی چلی۔پلوامہ لاسی پورہ علاقے میں زیر تعمیر کولڈ سٹوریج یونٹ گرنے سے ایک شخص کی جان چلی گئی جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے۔ تیز ہوائوں کی وجہ سے زیر تعمیر کولڈ سٹوریج یونٹ گر گیا جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ مرنے والے کی شناخت سجاد احمد میر ساکن روہامہ رفیع آباد کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت جسپریت سنگھ ساکن امرتسر، اعزاز کمار اور ہلال احمد راتھر ساکن بڈگام اور نصیر احمد میر ساکن بارہمولہ کے طور پر ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ17-19 اپریل کو عام طور پر ابر آلود اور کچھ جگہوں پر(40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے تیز ہوائیں/ژالہ باری کے امکان کے ساتھ صبح اور شام کے اوقات میں کئی مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔20-24 اپریل کو عام طور پر خشک موسم رہے گا جبکہ25-26 اپریل کو دوپہر کے وقت چند مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔