برقی آلات اور رسوئی گیس کا محفوظ استعمال کریں :محکمہ فائر سروس
سرینگر//وادی کے مختلف اضلاع میں کل آتشزدگی کے 13 واقعات پیش آئے۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے مطابق سرینگر کے وزیر باغ ایل ڈی کے قریب تین منزلہ رہائشی مکان کے ایک کمرے میں آگ لگ گئی۔اس دورا ن سری نگر میں برزلہ کے بلبل باغ علاقے میں منگل کو ایک زبردست آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔حکام نے بتایا کہ آگ کے شعلے علاقے کے ایک کباڑی یارڈ میں بھڑک اٹھے، جہاں اسکریپ شدہ گاڑیاں اور غیر مقامی لوگوں سے تعلق رکھنے والا دیگر ضائع شدہ مواد رکھا گیا تھا۔ آگ تیزی سے پھیل گئی، اس نے بڑی مقدار میں اسکریپ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اس جگہ سے دھوئیں کے گاڑھے بادل اٹھنے لگے۔ کچھ قریبی ڈھانچے بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعدد فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ادھر ٹینگہ پور بٹہ مالو میں ایک تھرمل فیکٹری میں آگ لگنے سے فیکٹری کو نقصان پہنچا ۔ادھر اننت ناگ کے شیخ پورہ، سلر علاقے میں ایک رہائشی مکان آگ کی زد میں آیا۔ بڈگام کے سویہ بگ علاقے میں ایک گیس سلنڈر سے متعلق آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جبکہ کپواڑہ کے قاضی آباد، کچلو علاقے میں ایک رہائشی مکان میں آگ لگ گئی۔ شوپیان کے زینہ پورہ علاقے کے گوجر بستی میں دو گھاس کے ڈھیر جل کر خاکستر ہو گئے۔ضلع بانڈی پورہ کے اجس علاقے کے راولپورہ ماٹی پوٹا میں ایک گائو خانہ آگ لگ گئی، جبکہ سرینگر میں للیت گھاٹ کے نزدیک رائل اسپرنگ گالف کورس میں خشک گھاس آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔گاندربل کے صفاپورہ کے پہلی پورہ علاقے میں ایک منزلہ جی سی آئی شیڈ میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ بڈگام کے چرارِ شریف علاقے کے وزی باغ میں جنگلاتی درخت آگ سے متاثر ہوئے۔ ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے کے منڈی پورہ میں ایک چنار کے درخت میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔اننت ناگ کے ہی لدی تہوٹ علاقے میں ایک گائو خانہ کو نقصان پہنچا۔حکام کے مطابق فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے تمام مقامات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ کو پھیلنے سے پہلے ہی قابو میں کر لیا، جس کے نتیجے میں کسی بھی واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دریں اثنا، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس فائر اینڈ ایمرجنسی سروسزآلوک کمار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آگ سے بچاؤ کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں، برقی آلات اور گیس سلنڈروں کا محفوظ استعمال یقینی بنائیں اور کسی بھی آتشزدگی کی صورت میں فوری طور پر قریبی فائر اسٹیشن یا کنٹرول روم کو اطلاع دیں تاکہ نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔