جموں / جنگلات و ماحولیات کے وزیر لال سنگھ نے یہاں جمبو زو سائیٹ نگروٹہ میں 2؍ اکتوبر 8؍ اکتوبر تک منائے جانے والے وائیلڈ لائف ویک کا افتتاح کیا۔ ممبران پارلیمنٹ جگل کشور ، شمشیر سنگھ منہاس ، جنگلات کے وزیر مملکت میر ظہور احمد بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری لال سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر واحد ریاست ہے جہاں کل رقبہ میں سے 15.58 فیصد علاقہ جنگلی جانوروں کے لئے محفوظ رکھا گیا ہے ۔انہوںنے جنگلی جانوروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔وزیر نے کہاکہ جمبو زو کے بنیادی ڈھانچے کو استحکام بخشنے کے لئے حکومت کئی اقدامات پر غور کر رہی ہے تاکہ یہ جگہ جانوروں سے دلچسپی رکھنے والوں اور سیاحوں کے لئے کشش کا باعث بنے۔انہوںنے کہا کہ وائیلڈ لائف وِیک منانے کا مقصد عام لوگوں کو جنگلی جانوروں کے تحفظ کا احساس پیدا ہو اور اس سلسلے میں اپنا رول ادا کریں۔جنگلات کے وزیر مملکت ظہور میر نے اپنے خطاب میں کہاکہ جنگلی جانوروں کے بارے میں لوگوں کو بالخصوص بچوں کو جانکاری فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ممبر پارلیمنٹ شمشیر سنگھ منہاس اور جگل کشور نے اس موقعہ پر خطاب کیا۔ چیئرمین پولیوشن کنٹرول بورڈ ، ایم ڈی ایس ایف سی ، ڈائریکٹر ایف پی ایف ، ڈائریکٹر سوشل فارسٹری ،ڈائریکٹر ایس ایف آر آئی، سی سی ایف جموں ، ڈائریکٹر سوئیل کنزرویشن ، کنزرویٹر آف فارسٹس و دیگر افسران اس موقعہ پرموجود تھے۔