ویلنگٹن/نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہندوستان کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز (ون ڈے اور ٹی 20) کے لیے اپنی ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے ۔ فروری 2026 میں ہندوستان اور سری لنکا میں شیڈول آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل اس دورے کو انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے ۔کیوی سلیکٹرز نے اس اہم دورے کے لیے قیادت کی ذمہ داریاں تقسیم کی ہیں،ٹی 20 میں انجری کے بعد واپسی کرنے والے تجربہ کار مچل سینٹنر ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ایک روزہ میچوں میں ٹیم کی کمان مائیکل بریسویل کے سپرد کی گئی ہے ۔ٹیم میں انجری اور کھلاڑیوں کے کام کے بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے کین ولیمسن، رچن رویندر (ون ڈے )، ول او رورک اور جیکب ڈفی جیسے اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے ۔ اسٹار بولر کائل جیمیسن صحت یاب ہونے کے بعد دونوں فارمیٹس میں واپسی کر رہے ہیں۔ مقامی کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کرسٹیان کلارک، بیون جیکبز اور ٹم رابنسن جیسے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے ۔نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ روب والٹر نے دورہ ہند کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا برصغیر کے حالات میں کھیلنا نیوزی لینڈ سے بالکل مختلف ہے ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ہمارے کھلاڑیوں کے لیے ان کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا یہ بہترین موقع ہے جو کہ ورلڈ کپ کے اہداف کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوگا۔ٹی 20 ٹیم: مچل سینٹنر (کپتان)، مائیکل بریسویل، مارک چیپ مین، ڈیون کونوے ، جیکب ڈفی، زیک فاؤلکیس، میٹ ہنری، کائل جیمیسن، بیون جیکبز، ڈیرل مچل، جیمز نیشم، گلین فلپس، رچن رویندر، ٹم رابنسن اور ایش سودھی۔ون ڈے ٹیم: مائیکل بریسویل (کپتان)، آدی اشوک، کرسٹین کلارک، جوش کلارکسن، ڈیون کونوے ، زیک فاولکیس، مچ ہے ، کائل جیمیسن، نک کیلی، جیڈن لیننکس، ڈیرل مچل، ہنری نکولس، گلین فلپس، مائیکل رے اور ول ینگ۔یو این آئی