سرنکوٹ//نیشنل کانفرنس کی طرف سے ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں کارکنان کا اجلاس منعقد کیاگیا جس کی صدارت پارٹی کے ریاستی سیکریٹری و انچارج راجوری پونچھ سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے کی۔اس موقعہ پر پارٹی کے تمام بلاک صدور،سیکریٹریز،یوتھ کارکنان و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔کارکنان نے عوامی مسائل اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ پانی و بجلی کی سپلائی کا براحال ہے جبکہ دیگر مسائل بھی حل نہیں ہورہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ملازمین کے مسائل بھی حل نہیں کرپائی اور مختلف محکموں میں کام کررہے ملازم سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل حل کئے جائیں اور تعمیروترقی میں سرنکوٹ کو اس کا حصہ دیاجائے۔کارکنا ن نے مشتاق بخاری کی ریاستی سیکریٹری و انچارج راجوری پونچھ کے طور پر نامزدگی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس سے پارٹی بنیادی سطح پر مضبوط ہوگی۔اپنے خطاب میں بخاری نے کارکنان پر زور دیاکہ وہ مقامی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنائیں اور اس کی پالیسیوں اور پروگراموں کو گھر گھر پہنچائیں۔ان کاکہناتھاکہ نیشنل کانفرنس ایک تحریک ہے جس نے ریاست کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔این سی لیڈر نے کہاکہ لوگ موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں اور یہ سرکار عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ وقت آگیاہے کہ نیشنل کانفرنس کا ساتھ دیں۔