سرینگر//نیشنل کانفرنس تنظیمی انتخابات کے سلسلے میں جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے 2حلقہ انتخابات کے 7بلاکوں کے چنائو منعقد ہوئے۔ 7بلاکوں کے چنائو پارٹی کے وسطی زون صدر علی محمد ڈار کی نگرانی میں منعقد ہوئے جبکہ اس موقعے پر پارٹی کے ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد، معاون صوبائی ترجمان مدثر شاہ میری، ڈاکٹر سعید، ایڈوکیٹ شوکت حسین گنائی، شیخ محمد رفیع اور شبیر احمد کلے اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ پارٹی لیڈران نے منتخب ہوئے بلاک صدور کو مبارکباد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ وہ نومنتخب عہدیداران پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کرنے کے علاوہ ہر حال میں خود کو عوام کیلئے وقف رکھیں گے۔ لیڈران نے پارٹی الیکشن کی اہمیت اور افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوری عمل پارٹی کی مضبوطی عیاں کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کو یہ طرئہ امتیاز حاصل ہے اور اس جماعت کے اندر ایک مضبوط جمہوری نظام ہے اور ہمیں ہر حال میں پارٹی کی اس خصوصیت کو بنائے رکھنا چاہئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ لوگوں کی بے لوث خدمت کرنا نیشنل کانفرنس کا بنیادی اصول رہا ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ ہم ایسے پارٹی عہدیداروں کا انتخاب کریں جو ہر وقت لوگوں کیلئے دستیاب رہیں ۔