مینڈھر //محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے گزشتہ دنوں مینڈھر قصبہ کے نکاسی نظام کی بہتری کیلئے کچھ اقدمات اٹھائے گئے تھے تاہم نکاسی آب کو یقینی بنا کر تاجروں کو سہولیات فراہم کی جائیں تاہم محکمہ کی جانب سے مذکورہ کام میں انتہائی غیر معیاری ساز و سامان کا استعمال کیا گیا جو کچھ ہی دنوں میں اکھڑنا شروع ہو گیا ہے ۔تاجروں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ پختہ کام کرنے کے بجائے صرف فنڈز ہڑپنے کی کوشش میں ہے جبکہ عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے محکمہ کو ہدایت جاری کی گئی تھی کہ وہ قصبہ کے نکاسی نظام کو بہتر بنائے لیکن تحصیل کمپلیکس کے قریب نالیاں دوبارہ سے ٹوٹنا شروع ہو گئی ہیں ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر قصبہ کا نکاسی نظام انتہائی خراب ہو نے کی وجہ سے بارشوں کا پانی دکانوں و رہائشی گھروں میں داخل ہوگیا تھا جس کی وجہ سے تاجروں کے ساز و سامان کا نقصان بھی ہوا تھا لیکن اس کے بعد جہاں انتظامیہ ماسٹر پلان مرتب کرنے کی یقین دہانیاں کروا رہی تھی وہائیں محکمہ تعمیر ات عامہ کو حساس جگہوں کی مرمت کا کام بھی سونپا گیا تھا لیکن محکمہ کی جانب سے جہاں غیر معیاری کام کیا گیا ہے وہائیں اس میں میٹریل بھی غیر معیاری استعمال کیا گیا ہے ۔تاجروں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نکاسی کی بہتری کیلئے معیاری کام کروایا جائے ۔ایس ڈی ایم مینڈھر نے بتایا کہ محکمہ کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ مذکورہ کام کو دوبارہ کرنے کیساتھ ساتھ معیاری ساز و سامان استعمال کرنے کیلئے کہا گیا ہے ۔