نوشہرہ //ضلع درجہ کی مانگ پر نوشہرہ میں تیرہویں روز بھی ہڑتال رہی اور بازار او ر دفاتربند رہے ۔ قابل ذکر ہے کہ بیوپار منڈل کی کال پر پچھلے کئی دنوںسے نوشہرہ میں ہڑتال کی جارہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی جلوس نکالے جارہے ہیں ۔ تیرہویں روز بھی مظاہرین پٹیل چوک میں جمع ہوئے جہاں سے انہوںنے جلوس نکالا ۔اس دوران مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ ان کی مانگ پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ ان کی یہ ہڑتال نوشہرہ کو ضلع کادرجہ دینے تک جاری رہے گی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے بیوپار منڈل صدر سبھاش کپو ر، جگدیش ساہنی ، رویت کانت گپتا، سرپنچ مسعود چوہدری و دیگران نے کہاکہ نوشہرہ کے ساتھ سرکار کی طرف سے سوتیلا سلوک کیاجارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ 1967سے نوشہرہ کو ضلع کادرجہ دینے کی مانگ کررہے ہیں لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی اور صرف جھوٹی یقین دہانیاں دی جارہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر حکومت اسی طرح سے سوئی رہی تو وہ احتجاج میں مزید شدت لائیںگے ۔دریں اثناء سندر بنی اور کالاکوٹ میں احتجاج کیاجارہاہے ۔اس دوران پی ڈی پی کے ممبر قانون ساز کونسل سریندر چوہدری بھی احتجاج میں شامل ہوئے ۔