رمیش کیسر
نوشہرہ //راجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر کے سرحدی جنگلات میں پیر کے روز خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع جنگلاتی رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی اس بھیانک واردات سے سبزہ زار، قیمتی درخت اور جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔حکام کے مطابق نوشہرہ کے کلسیاں سیکٹر میں شدید گرمی، خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث جنگل میں اچانک آگ لگ گئی جو تیزی سے مختلف علاقوں تک پھیل گئی۔ آگ نے خاص طور پر چیڑ اور دیگر قیمتی درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں جنگلاتی دولت کو بھاری نقصان پہنچا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات، جموں و کشمیر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور مقامی رضاکاروں کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لئے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا۔ دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں آگ بجھانے کا کام مسلسل جاری ہے جبکہ بعض مقامات پر فوج کی مدد بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
مقامی لوگوں کے مطابق جنگلات میں لگی آگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں جنگلات کے وسیع حصے آگ کے شعلوں میں گھِرے نظر آ رہے ہیں جبکہ پس منظر میں موروں اور دیگر پرندوں کی دردناک آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔ ان مناظر نے لوگوں کو افسردہ کر دیا اور ماحولیاتی کارکنوں نے حکام سے جنگلی حیات کو بچانے اور آگ پر جلد قابو پانے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔حکام نے بتایا کہ فائر فائٹنگ ٹیمیں مسلسل محنت کر رہی ہیں اور حساس ماحولیاتی علاقوں کو محفوظ رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اگرچہ اب تک کسی انسانی جان کے ضائع ہونے یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آگ نے جنگلاتی پودوں، قدرتی وسائل اور حیاتیاتی تنوع کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ادھر دبڑ گاؤں کے جنگلات میں بھی آگ بھڑک اٹھی جہاںایک بڑا درخت جل کر سڑک پر گر گیا جس کے باعث کچھ دیر کے لئے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر رہی۔ محکمہ جنگلات کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف آگ پر قابو پایا بلکہ جل کر گرنے والے درخت کو آرے کی مدد سے کاٹ کر سڑک کو دوبارہ ٹریفک کے لیے بحال کر دیا۔مقامی باشندوں نے محکمہ جنگلات اور امدادی ٹیموں کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو آگ مزید بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی تھی۔حکام کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے، تاہم ابتدائی طور پر شدید گرمی اور خشک موسم کو اس کا اہم سبب مانا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگلاتی علاقوں میں احتیاط برتیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا آگ لگنے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ قدرتی وسائل کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔