رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ سب ڈویژن میں پٹواریوں کی کمی کے باعث عوام کو اپنے روزمرہ سرکاری کاموں کے لئے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ زمینوں کے ریکارڈ، انتقال، فرد، تصدیق ناموں اور دیگر ریونیو سے متعلق امور میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے جس پر عوام میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق نوشہرہ سب ڈویژن میں کل 13 پٹوار حلقے موجود ہیں، جن میں سے دو پٹوار حلقے تحصیل قلعہ درہال کے ماتحت آتے ہیں جبکہ باقی 11 پٹوار حلقے نوشہرہ تحصیل میں شامل ہیں۔ محدود تعداد میں پٹواری ہونے کی وجہ سے ایک پٹواری کے ذمے تین سے چار دیہات کا کام آتا ہے، جس کے باعث نہ صرف پٹواریوں پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے بلکہ عوام کے سرکاری کام بھی بروقت انجام نہیں پا رہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور زمینوں سے متعلق معاملات میں اضافے کے پیش نظر موجودہ تعداد میں پٹواری عوامی ضروریات کو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ ایک پٹواری کے لئے اتنی بڑی آبادی اور متعدد دیہات کے امور سنبھالنا انتہائی مشکل ہے، جس کا خمیازہ عام لوگوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔عوام نے شکایت کی کہ کئی بار انہیں معمولی کاموں کے لئے بھی پٹواری کے دفتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں اور بعض اوقات ہفتوں تک کام لٹکا رہتا ہے۔ خاص طور پر کسانوں، بزرگوں اور دور دراز علاقوں سے آنے والے لوگوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔علاقہ کے عوام نے حکومت اور محکمہ ریونیو سے مطالبہ کیا ہے کہ نوشہرہ سب ڈویژن کے پٹوار حلقوں میں فوری طور پر مزید پٹواری تعینات کئے جائیں تاکہ عوام کے سرکاری کام وقت پر، شفاف طریقے سے اور بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے انجام دئیے جا سکیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو مسائل مزید سنگین صورت اختیار کر سکتے ہیں۔