محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے نمبرداروں اور چوکیداروں پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے ضلع صدر ریاض احمد کی قیادت اور نگرانی میں جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر پونچھ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران وفد نے اپنے دیرینہ اور حل طلب مطالبات سے ضلعی انتظامیہ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور ان مسائل کے فوری و مؤثر حل پر زور دیا۔وفد نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث نمبرداروں اور چوکیداروں کو دیا جانے والا ماہانہ محنتانہ گھریلو اخراجات پورے کرنے کیلئے ناکافی ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود مالی وسائل کے باوجود وہ انتظامیہ کے لئے نچلی سطح پر اہم خدمات انجام دیتے ہیں، جن میں دیہی نظم و نسق، سرکاری اطلاعات کی ترسیل، امن و امان میں معاونت اور سرحدی علاقوں میں انتظامی امور کی نگرانی شامل ہے۔ اس کے باوجود ان کے مالی اور سروس اسٹیٹس میں کوئی خاطر خواہ بہتری نہیں لائی گئی۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ ان کے ماہانہ اعزازیہ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے تاکہ وہ باعزت طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ اپیل بھی کی کہ نمبرداروں اور چوکیداروں کو یا تو کلاس چہارم ملازمین کا درجہ دیا جائے یا انہیں ڈیلی ویجر کے طور پر شامل کیا جائے، کیونکہ وہ مستقل بنیادوں پر انتظامیہ کیلئے خدمات سرانجام دیتے ہیں اور ان کی ذمہ داریاں کسی بھی طرح عارضی نوعیت کی نہیں ہیں۔نمائندہ وفد نے اس امر پر بھی زور دیا کہ دیہی اور سرحدی علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے اور عوامی مسائل کی فوری رپورٹنگ میں لامبرداروں اور چوکیداروں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، جس کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے سروس معاملات کو فوری طور پر باقاعدہ بنایا جانا چاہیے۔ڈی سی پونچھ نے وفد کی بات غور سے سنی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مطالبات جائز نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ اعلیٰ حکام کے سامنے اٹھایا جائے گا تاکہ نمبرداروں اور چوکیداروں کے مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے۔ وفد نے ضلعی انتظامیہ کے مثبت رویے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔