عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈپٹی کمشنر سرینگر اکشے لبرونے پیر کو کشمیر ہاٹ (نمائش گاہ)میں منعقدہ ایک روزہ میگا روزگار میلے کی صدارت کی، جس کا مقصد ضلع کے نوجوانوں کیلئے روزگار اور خود روزگاری کے مواقع کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر دیگر افسران بھی موجود تھے۔میلے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے پہلے سے آن لائن رجسٹریشن کر رکھی تھی۔ تقریب میں تقریباً 22کمپنیوں نے شرکت کی اور سیاحت، زراعت، باغبانی، انشورنس، بینکنگ، آٹوموبائل اور ہاسپٹیلٹی سمیت مختلف شعبوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے۔
پروگرام کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف سرکاری محکموں کے اسٹالز کا معائنہ بھی کیا، جہاں خود روزگاری اسکیموں کے فوائد، مالی معاونت اور درخواست کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی تھیں تاکہ نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کیا جا سکے۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے میلے روزگار فراہم کرنے والوں اور تلاش کرنے والوں کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرتے ہیں، جس سے نوجوانوں کو ملازمت حاصل کرنے اور محکمہ روزگار میں رجسٹریشن کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مشن یووا، ایچ اے ڈی پی اور جے کے سی آئی پی جیسی اسکیموں کے تحت دستیاب آسان قرضہ سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ سری نگر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے محکمہ روزگار کے ذریعے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔