بانہال // جموں۔ سرینگر قومی شاہراہ پر واقع رامسو میں ایک بجلی ٹرانسفارمرمیں گیارہ سو وولٹ کا کرنٹ آنے کی وجہ سے گذشتہ روز ایک درزی پیشہ شخص زخمی اور جھلس کر بال بال بچ گیا ہے۔ بانہال میں زیر علاج ٹیلر ماسٹر محمد امتیاز وانی ساکنہ بنکوٹ بانہال حال رامسو کو ڈاکٹروں نے مزید چیک اپ اور ٹیسٹ وغیرہ کیلئے سرینگر کے ہسپتال جانے کا مشورہ دیا ہے۔ رامسو قصبہ میں نصب ٹرانسفارمر میں بار بار فالٹ آنے کی وجہ سے ماضی میں بھی بجلی پر چلنے والی کئی آلات کو گیارہ سو کلوواٹ کے کرنٹ کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے ۔ رامسو کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ رامسو میں شاہراہ کے نزدیک 250 کلوواٹ کا ٹرانسفارمر نصب کیا گیا ہے جو پچھلے چھ مہینے کے دوران چار بار فالٹ کی وجہ سے جل گیا ہے اور محکمہ کے لوگ مسلسل غائب ہیں اور کام کی ذمہ داری ناتجربہ کار ایک لائین مین کو سونپ رکھی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کوجانے والی بجلی کی تاروں میں اضافی کرنٹ آنے کی وجہ سے امتیاز وانی ٹیلر ماسٹر کے حادثے کے علاوہ ماضی میں بھی رامسو کے لوگوں کو نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ہے اورشاہراہ پر واقع تحصیل ہیڈ کواٹر رامسو کے کئی گھروں اور دکانوں کے علاوہ جامع مسجد رامسو اور نیابت رامسو میں بجلی پر چلنے والے کئی آلات جن میں پنکھے ، انویرٹر ، موٹر وغیر شامل ہیں جل چکے ہیں۔ ایک مقامی شخص نے بتایا کہ محمد امتیاز درزی اپنے دکان پر موٹر سے چلنے والی سلائی مشین پربیٹھا اور پہلے ہی سیِ ہوئی قمیض کے بٹن لگارہا تھا اور بجلی چل رہی تھی کہ اچانک مشین کے پیڈل پر رکھے پیروں جن میں نائیلان کی چپل بھی لگی تھی ایک زورد دار کرنٹ درزی کے جسم میں داخل ہوئی اور یکے بعد دیگرے وہ بجلی کے کرنٹ سے الجھتا رہا اور چلاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران ایک دھماکے کے ساتھ لائین میں فالٹ آیا اور بجلی بند ہوئی اور محمد امتیاز نیم مردہ حالت میں جھلس کر زمین پر گر گیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد امتیاز احمد کے شانوں اور گھٹنوں میں جھلسنے کے زخم تھے اور مقامی لوگوں نے زخمی درزی کو فوری طور پر رامسو ہسپتال منتقل کیا جہاں سے اسے سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ہے ۔وہاں اسے ابتدائی طبی امداد اور ادویات فراہم کی گئی ہیں اور اسکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ علاقہ کے لوگوں نے کہا کہ رامسو ٹرانسفارمر میں بار بار کے اضافی کرنٹ آنے کی وجہ سے لوگ خوف زدہ ہیں اور محکمہ بجلی کے انجینئروںنے ناتجربہ کار لائین مینوں کو ٹرانسفارمروں کی مرمت کا کام سونپ رکھا ہے جو پورے علاقے کیلئے خطرے کا باعث بنا ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی کی لاپرواہی کے خلاف ایک کیس درج کرنے کیلئے پولیس سٹیشن رامسو میں شکایت کی ہے۔