نعت شریف

ہے بلند عرشِ بریں سے آقا عظمت آپؐ کی
اور نجاتِ رنج و غم بھی ہے رسالت آپ ؐکی
اب مجھے روزِ جزا اعمال کی ہو فکر کیوں
جانوں ہوں، ہوگی محافظ تب وکالت آپؐ کی
دُھول پیروں کی تھے جو وہ عرش کے تارے بنے
باعثِ صد شادمانی ہے کرامت آپ ؐکی
آپ کے سرپر جو کُوڑا پھینکتی تھی روز وہ
جب ہوئی بیمار دیکھی اُس نے خصلت آپؐ کی
دوسرے کو رب کے گھر سے اِتنی عزت کب ملی
خود خدا نے کی ہے جتنی آقا عزت آپؐ کی
جیب خالی ہے مِری اور میں امیرِ شہر ہوں
کیوں کہ میرا مال و زر ہے بس محبت آپؐ کی
شخصیت کا رنگ نازک لفظ و لہجۂ کلام
ہر عدو کو دوست کر دیتی تھی فطرت آپؐ کی
کوئی اِک بندہ بھی بھوکا سو نہ پائے گا کبھی
کھانا بھی مل جُل کے کھائو،ہے نصیحت آپؐ کی
آپ کے نقشِ قدم پر چل رہی ہے آج بھی
اور چلتی بھی رہے گی آقا اُمت آپؐ کی
یہ ہے اللہ کی عبادت کا صلہ میرے حضور
لاکھوں لوگوں کے دلوں پر ہے حکومت آپ ؐکی
آپ کے فضل و کرم سے ہے سلامت آسماں
اور یہ دھرتی بھی پنچھیؔ، ہے امانت آپؐ کی

سردار پنچھی
جیٹھی نگر، مالیر کوٹلہ روڑ کھنہ پنجاب
موبائل نمبر؛9417091668