نعتیں

نعتِ رسولِ مکرمﷺ
عرش پر جس کا ہے نقشِ پا سوچئے
ہم سبھی کا ہے وہ رہنما سوچئے
لطفِ آقا کا یہ زاویہ سوچئے
ہم سے لکھوا رہے ہیں ثنا سوچئے
دل کی دھڑکن میں بھی فکرِ اُمت رہی
میرے سرکار کا سوچنا سوچئے
ہوگی محشر میں جو ہم پہ سایہ فگن
وہ نبی کی مکرم رِدا سوچئے
جب یہ دنیا ہے اتنی حسیں تو ذرا
حسن لولاک کی وجہ کا سوچئے
رحمتیں، برکتیں، کلمہ، ایماں، درود
ہم پہ کیا کیا ہیں ان کی عطا سوچئے
ابتداء میں ہی آئے ہیں جبریلِ امیں
ہوگی پھر کیا بھلا انتہا سوچئے
جب اشارے سے ٹکڑے میں بٹتا ہے چاند
ہوگا کیا پھر نبی ؐکا کہا سوچئے

ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادت گنج۔بارہ بنکی یوپی۔بھارت

دعا برائے والدین کریمین
لُطف و کرم ہو اُن پر، رحمت کا ابر ہو وے
مانندِ قصرِ جنت دونوں کی قبر ہو وے
آسان مشکلیں ہوں ، اُن کی تمام یا رب
کُنجِ لحد ہو چاہے میدانِ حشر ہو وے
اللہ بخش دے تُو اُن کی تمام لغزش
وہ مرتبہ عطا کر جس پر کہ فخر ہو وے
اعلیٰ مقام اُن کو باغِ بہشت میں دے
ساماں ہو بخششوں کا ، ہرگز نہ جبر ہو وے
درجات دونوں کے ہی یارب بلند کردے
اہلِ جناں میں اُن کی توقیر و قدر ہو وے
ربِ قدیر میرے، جب ان کی مغفرت ہو
بے چین دل کو میرے تب جا کے صبر ہو وے
ہے ملتجی غزالی، کر لے قبول یا رب
ہر حرف اِس دعا کا تیری ہی نذر ہو وے

محمد مصطفےٰ غزالی
پٹنہ، بہار
موبائل نمبر؛ 8409508700