نعتیں

دعا
ترے ذکر کی مجھ کو عادت عطا ہو
درودوں کی لب کو حلاوت عطا ہو
یہ بے چین کھوئی ہوئی دھڑکنوں کو
الہی !عبادت کی لذت عطا ہو
سنائونگا میں بھی تڑپ دل کی مولا!
کسی دن حرم کی اجازت عطا ہو
تعصب، جہالت، تن آسانی ، غفلت
کی ظلمت سے اُمت کو فرقت عطا ہو
میں لے لے کے مرجائوں نامِ محمد ؐ
وہ رغبت ، وہ اُلفت، وہ چاہت عطا ہو
ترستی ہیں آنکھیں زمانے سے آقا !
مدینہ کی اک پل زیارت عطا ہو
ہے اٹکا ہوا دم مری آنکھ میں اب
مجھے دیدِنازانِ جنت عطا ہو
لکھا چشمِ پرنم سے راہیؔ یہ دُکھڑا
کہ شاید اسی کی بدولت عطا ہو
نہ دھن، دار ، دولت، نہ مانگوں میں جنت
مجھے بس نبی ؐکی شفاعت عطا ہو

شیخ سیف اللہ راہی ؔ
پنگنور
موبائل نمبر؛9491432393

نعتِ مقدسﷺ
بیانِ نور پیکر ہو رہا ہے
ہمارا دل منور ہو رہا ہے

نبیؐ کے معجزوں کو صدیاں بیتیں
زمانہ اب بھی ششدر ہو رہا ہے

اترتے ہی تہِ عشقِ نبی میں
بلندی پر مقدر ہو رہا ہے

زباں پر آگیا نامِ محمدﷺ
سکونِ دل میسر ہو رہا ہے

مجھے یاد آگئے برجستہ آقا
کہیں کیا ذکرِ محشر ہو رہا ہے

غلامِ مصطفےٰ بنتے ہی مفلس
مقدر کا سکندر ہو رہا ہے

پڑا ہوگا نبیؐ کے راستے میں
یہ کانٹا جو گلِ تر ہو رہا ہے

ذکیؔ دیکھو تو شانِ ذاتِ آقا
نچھاور ربِ اکبر ہو رہا ہے

ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادت گنج،بارہ بنکی،یوپی
موبائل نمبر؛7007368108

نبیؐ کے غلام
حضرتِ مصطفیٰ ؐ پہ ابد تک سلام
جن کی عظمت نے بخشا حوا کو مقام

جن کی آمد سے تاریکیاں چھٹ گئیں
لے کے ہمراہ اُجالوں کا لائے پیام

جسمِ اطہر پہ سنگ ہا جو برسا گئے
اُن سے ہر گز نہ کوئی لیا انتقام

فرش تا عرش تسخیر جس نے کیا
کچے حجروں میں ہے کر گیا وہ قیام

وہ خلیقِ اعظمؐ ہیں سراپا کرم
لائحہِ روح افزاء ہے اُنؐ کا کلام

اُن کو یٰسین و طٰہٰ لقب کر دیئے
کتنے میٹھے قرآں میں خدا نے انعام

میرے رحمٰن میری ہے یہ التجا
میرے صبح و مساہوں نبیؐ کے غلام

طفیل ؔشفیع
حیدرپورہ، سرینگر
موبائل نمبر؛6006081653

نعت
دونوں جہاں میں فخرِ علیم اور کون ہے
پیارے نبیؐ کے جیسا فہیم اور کون ہے
کس کو بلایا عرش پہ دیدار کے لئے
شیدا ہے جس پہ ربِّ کریم اور کون ہے
ہر جگہ اپنے ساتھ کسے رب نے ہے رکھا
دل میں مقیم رب کا ندیم اور کون ہے
اخلاقِ مصطفیٰؐ سے بڑی خوبی بھی ہے کیا
دونوں جہان میں ایک حلیم اور کون ہے
محبوب بھی ہے میم سے اور میم سے محب
اب تم بتاؤ مونسِ میم اور کون ہے
ناچار و بے سہاروں کے غم خوار مصطفیٰؐ
شاہِ حجاز، دُرِّ یتیم اور کون ہے
حاضر جوابی آپ کے جیسی نہیں کہیں
نازاں ہے جس پہ عقلِ سلیم اور کون ہے
کس کا پسینہ خوشبو کی معراج ہے قمرؔ
ان کے علاوہ رشکِ شمیم اور کون ہے

عمران قمرؔ
رمیش پارک ، لکشمی نگر دہلی
موبائل نمبر؛8920472523