عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر/پولیس نے ‘100 دن نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے تحت منشیات کے خلاف اپنی مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے وادی کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں انجام دے کر 11منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ بڑی مقدار میں ممنوعہ اشیاء اور نقد رقم بھی ضبط کی گئی ہے۔ شوپیان ضلع میں پولیس نے ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے منشیات کے ایک کیس میں ملوث شوکت احمد ڈار کی 10 لاکھ روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے۔ یہ جائیداد داچھو زینہ پورہ واقع ہے اور اسے غیر قانونی منشیات کی تجارت سے حاصل شدہ آمدنی سے خریدا گیا تھا۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 76/2025 کے تحت انجام دی گئی اور اس دوران تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا گیا۔
اننت ناگ ضلع میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران تین منشیات فروش گرفتار کیے گئے۔ بیجبہاڑہ کے تلکھن پل پر عارف احمد ڈار کو 1.269 کلو گرام چرس پاؤڈر سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ بٹنگو-اورن ہال کراسنگ پر عاقب فیاض اور مدثر احمد کو 78 گرام چرس سمیت دھر لیا گیا۔ پلوامہ ضلع میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سنگو نربل میں موٹر سائیکل سوار دو افراد سے 7.5 گرام ہیروئن جیسا مادہ اور 1500 روپے نقد برآمد ہوئے، جبکہ راجپورہ پل پر مزید دو افراد کو 8.5 گرام براؤن شوگر جیسے مادے سمیت گرفتار کیا گیا۔ ان کارروائیوں میں استعمال ہونے والی دو موٹر سائیکلیں بھی ضبط کی گئیں۔اسی طرح ہندواڑہ میں شاہلال کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران غلام محی الدین ڈار کو چرس جیسے مادے کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔بارہمولہ ضلع کے ونیگام پائیں علاقے میں دانش احمد اور شبیر احمد میر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 18 گرام چرس اور 70 ٹیپینٹاڈول گولیاں برآمد کی گئیں، جبکہ ایک گاڑی بھی ضبط کی گئی۔ضلع بانڈی پورہ ضلع میں سْہیل احمد ڈار کو اجس سمبل کے مقام پر ناکہ چیکنگ کے دوران 5.7 کلو گرام چرس پاؤڈر سمیت گرفتار کیا گیاپولیس کے مطابق تمام متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔