عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//’ نشہ سے پاک جموں و کشمیر‘ مہم کے تحت اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے اننت ناگ اور سوپور میں مختلف آپریشنز کے دوران 5 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں ممنوعہ منشیات برآمد کیں۔اننت ناگ میں جموں و کشمیر پولیس نے منشیات فروشی اور سمگلنگ کے خلاف اپنی مہم تیز کر دی ہے، جس کے نتیجے میں چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔ پولیس اسٹیشن اترسو کی ایک ٹیم نے چھترگل چوک پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی (آلٹو) (JK03K-9820) کو روکا۔ تلاشی کے دوران ایک کلو چرس پاؤڈر اور 100 گرام چرس کی گولیاں برآمد ہوئیں۔ گرفتار ملزم فاروق احمد خان ولد فاضل خان ساکن پوشناری ایک سرکاری ملازم ہے اور ویلو کورٹ میں کلاس چہارم کے طور پر کام کر رہا ہے۔مزید مصدقہ اطلاع پر پولیس سٹیشن عشمقام کی ٹیم نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں دیارو کے رہائشی سلمان سلیم راتھر ولد محمد سلیم راتھر کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے 2.590 کلو گرام پسی ہوئی چرس نما مادہ (بھنگ بھوسہ) برآمد ہوا۔
ایک اور کارروائی میں پولیس سٹیشن مٹن کی ٹیم نے بمزو کے پی روڈ پر نمل فٹ برج کے قریب ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص عاقب احمد شاہ ولد غلام حسن شاہ ساکن شکساز محلہ سیر ہمدان کو گرفتار کیا۔ اس کے بیگ کی تلاشی کے دوران 3 کلو گرام پسی ہوئی بھنگ کے پتے، پھول اور بیج برآمد ہوئے۔ایک الگ کارروائی میں پولیس اسٹیشن بیجبہارہ کی ٹیم نے مخصوص اطلاع پر ایڈر بیجبہارہ کے رہائشی عرفان گنی کنڈرو ولد عبدالغنی کنڈرو کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے 5.03 کلو گرام چرس نما پاؤڈر برآمد ہوا۔سوپور میں، پولیس اسٹیشن پانزالہ کے دائرہ اختیار میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا۔ تربل روہامہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روک کر گرفتار کیا گیا۔ ذاتی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے چرس نما ممنوعہ مادہ برآمد کیا گیا۔ ملزم کی شناخت شاہد احمد میر ولد عبدالرشید میر ساکن میرپورہ روہامہ، رفیع آباد کے طور پر ہوئی ہے۔تمام ملزمان کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں قانون کی مناسب دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر افراد کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔