جموں// سرکاری سکولوںمیں نرسری کلاسز کھولنے کے حوصلہ بخش نتائج کے پیش نظر سرکار نے ریاست کے سرکاری سکولوں میں مزید 800 کنڈر گارٹن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان باتوں کا اظہار وزیر تعلیم سعید الطاف احمد بُخاری نے ٹیچرس بھون گاندھی نگر کے سپرائلنگ آڈیٹوریم میں منعقدہ کنڈرگارٹن تمدنی پروگرام کے دوران کیا جسکا انعقاد ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن ،جموں کی جانب سے کیا گیا تھا ۔اس تقریب میں ضلع جموں کے 17 سرکاری و پرائیویٹ سکولوں اور ضلع راجوری کے ایک سکول کے بچوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر قانون ساز اسمبلی کے سپئیکر کوئیندر گپتا،وزیر مملکت برائے تعلیم و تمدن پریہ سیٹھی نے بھی شرکت کی۔سرکاری سکولوں میں کنڈر گارٹن محکمہ سماجی بہبود کے اشتراک سے چلائے جائیں گے۔بخاری نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں چلائے جانے والے تعلیمی ادارے محکمہ سماجی بہبود کے اشتراک سے چلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء میں کچھ اسکولوںکو منتخب کیا جائے گا اوراس کے ابتدائی مراحل میں حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور ان کے والدین کی جانب سے اس قسم کے اداروں کے تئیں دکھائی جانے والی دلچسپی کے پیش نظر 800مزید اداروں کے قیام کی راہ ہموار کی گئی ہے ۔ بخاری نے کہا کہ محکمہ تعلیم ان پر ی نرسری اسکولوں کے قیام کے خد وخال کا جائزہ لے رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ سرکاری پری اسکولنگ کیلئے نہ صرف عام لوگوں کا رحجان بہت حوصلہ افزا ہے بلکہ اساتذہ نے بھی کڑی محنت کی ہے جس سے حکومت کو مزید اسکول قائم کرنے کے لئے تحریک ملی ہے ۔ ریاستی اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے اس موقعہ پر اساتذہ کو تلقین کی کہ وہ محنت لگن اور دیانتداری سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ استاد کا پیشہ انتہائی قابل تعظیم ہے ، ہر کوئی استاد کی معرفت ہے کامیابی کی بلندیوں کو چھوتا ہے اس لئے اساتذہ کو چاہئے کہ وہ اپنے عہدہ کو کسی بھی قیمت پر بے وقعت نہ ہونے دیں ۔ اس سے قبل ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں رویندر سنگھ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔