ناگالینڈ،آسام اور منی پور افسپا کا دائرہ مزید کئی اضلاع میں کم کرنیکا فیصلہ :امت شاہ

نیوز ڈیسک

نئی دہلی //وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے ایک بار پھر ناگالینڈ،آسام اور منی پور میں مسلح افواج (خصوصی اختیارات) افسپا کامزید کئی علاقوںمیں دائرہ اختیار کم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ جموں کشمیر سمیت تمام شمال مشرقی ریاستوں میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور مرکز ی سرکار کی یہی کوشش ہے کہ ملک بھر کے تمام شورش زدہ علاقوں میں امن کا قیام یقینی بنایا جا سکے ۔

 

وزیر داخلہ امیت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ ناگالینڈ،آسام اور منی پور میں مسلح افواج (خصوصی اختیارات) ایکٹ افسپا کے تحت اعلان کردہ علاقوںکے دائرہ اختیار کو کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ یہ فیصلہ شمال مشرقی ہندوستان میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری کی وجہ سے لیا گیا ہے۔ٹویٹ کرتے ہوئے امیت شاہ نے لکھا ’’شمال مشرق کیلئے ایک تاریخی دن! وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند نے ایک بار پھر AFSPA کے تحت ناگالینڈ، آسام اور منی پور میں علاقوں کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ شمال مشرقی ہندوستان میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری کی وجہ سے لیا گیا ہے۔ ‘‘ امیت شاہ نے مزید کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار مودی نے شمال مشرق میں سلامتی، امن اور ترقی کو ترجیح دی اور اس کے نتیجے میں یہ خطہ اب تیزی سے امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر سمیت تمام علاقوں میں حالات اب بہتر ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے شمال مشرق کے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے اور خطے کو باقی ہندوستان کے دلوںسے جوڑنے کیلئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔