مشتاق الاسلام
پلوامہ //ضلع انتظامیہ پلوامہ اور شوپیان نے بدھ کے روز دبجن کے مقام پر نالے میں ڈوبنے والے چار سالہ بچے کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن مزید تیز کر دیا ہے، جو چوتھے روز میں داخل ہو چکا ہے۔حکام کے مطابق بچہ جو ضلع پلوامہ کے ٹکن علاقے کا رہائشی ہے، چند روز قبل دبجن کے مقام پر رمبی آرہ نالہ میں گر کر ڈوب گیا تھا، جس کے بعد فوری طور پر بڑے پیمانے پر تلاش مہم شروع کی گئی۔بچے کی تلاش کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، بھارتی فوج، پولیس اور مقامی رضاکار مسلسل سرچ آپریشن میں مصروف ہیں اور نالے کے اطراف وسیع پیمانے پر تلاشی لی جا رہی ہے۔اس دوران رکن اسمبلی پلوامہ وحید پرہ اور رکن اسمبلی راجپورہ غلام محی الدین میر سمیت متعدد سیاسی لیڈران،فوجی و پولیس کے افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔انتظامیہ کے مطابق ریسکیو ٹیمیں جدید آلات کی مدد سے بچے کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ مقامی لوگ بھی بڑی تعداد میں اس مہم میں شامل ہیں اور بچے کی بحفاظت بازیابی کے لیے دعاگو ہیں۔