ناسازگار موسمی حالات کے باوجود جموں وکشمیر میں کھیل سرگرمیاں جاری:سکریٹری سپورٹس کونسل

سرینگر// جموں وکشمیر سپورٹس کونسل کی سکریٹری نزہت گل نے کہاہے کہ ناساز گار موسمی صورتحال کے باوجود بھی جموں و کشمیر میں کھیل سرگرمیاں جاری رہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں مختلف کھیل سرگرمیاں چل رہی ہیں تاکہ سال رواں کے آخر تک 70 لاکھ نوجوانوں کو انگیج کرنے کے ٹارگیٹ پورا ہوسکے ۔موصوف سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا’’موسم ناسازگار ہے بارشیں ہو رہی ہیں، لیکن اس سے ہماری سپورٹس سرگرمیاں اثر انداز نہیں ہوئیں بلکہ ابھی بھی ہماری سرگرمیاں جاری ہیں‘‘۔

 

 

ان کا کہنا تھا’’سپورٹس پرسن بارش، برف سے نہیں ڈرتا ہے ہمارے بچے کڑاکے کی ٹھنڈ میں بھی پریکٹس کرتے رہتے اور کھیلتے رہتے ہیں‘‘۔نزہت گل نے کہا کہ ہم نے امسال اپنے سپورٹس کلینڈر میں سینیئر شہریوں اور چھوٹے اسکولی بچوں کو بھی شامل کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں خواتین کے مخصوص سپورٹس سرگرمیوں کو اہمیت دی جا رہی ہے اور سرکاری ملازمین کو بھی سپورٹس کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا’’نشہ مکت بھارت مہم کے تحت اور دیگر سپورٹس سرگرمیاں چل رہی ہیں تاکہ سال رواں کے آخر تک 70 لاکھ نوجوانوں کو انگیج کرنے کے ٹارگیٹ پورا ہوسکے‘‘ ۔