ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پلیئنگ الیون سہواگ نے ہاردک پانڈیا کو باہر نکالا

 عظمیٰ سپورٹس ڈیسک

نئی دہلی //امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے کون بھارتی ٹیم میں منتخب ہوگا اور کون نہیں اس پر سابق کرکٹرز منقسم نظرآتے ہیں۔ماضی کے جارح مزاج اوپنر ویریندر سہواگ نے عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے اپنی انڈین الیون کے نام بتائے ہیں جس میں انھوں نے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو شامل نہیں کیا ہے۔ سہواگ نے پانڈیا کی جگہ رنکو سنگھ یا شیوم ڈوبے میں سے کسی ایک کو منتخب کیا ہے۔ایک انٹرویو کے دوران جب ان سے بھارتی ٹیم کے حوالے سے سوال کیا گیا تو اپنی دانست میں ورلڈکپ کھیلنے والے پلیئرز کا نام بتاتے ہوئے انھوں نے یشسوی جیسوال، روہت شرما، ویرات کوہلی، سوریہ کمار یادیو، رشبھ پنت کے نام لیے۔

 

تھوڑی توقف کے بعد انھوں نے نمبر 6 پر رنکو سنگھ اور شیوم ڈوبے کو منتخب کیا، پھر انھوں نے جسپریت بمراہ، محمد سراج، سندیپ شرما، کلدیپ یادو اور رویندرا جڈیجا کے نام لیے۔اگرچہ سہواگ نے پلیئنگ الیون میں ہاردک کو شامل نہیں کیا لیکن انھوں نے اشارہ دیا کہ ممبئی انڈینز کے کپتان یقینی طور پر مجموعی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔سابق اوپنر نے کہا کہ پانڈیا کو بھارتی ٹیم میں شامل کرنا یقیناً ایک جراتمندانہ فیصلہ ہوگا، تاہم انھیں15 کے اسکواڈ میں ہونا چاہیے، لیکن شاید آپ مجھ سے پلیئنگ الیون کے بارے میں پوچھ رہے تھے۔واضح رہے کہ بی سی سی آئی سلیکٹرز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے ٹیم انڈیا کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان اگلے ہفتے یا اس کے بعد کریں گے۔کپتان روہت شرما، کوچ راہول ڈریوڈ اور بی سی سی آئی کے چیئرمین سلیکٹر اجیت اگرکر کی طرف سے حتمی فہرست میں کون جگہ بناتا ہے اس وقت بھارت میں یہ گرما گرم موضوع بنا ہوا ہے۔