فاتوردہ//نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ ایف سی پیر کے روز جب پنڈت جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں یہاں ہیرو انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) 2021-22 کے لیگ میچ میں پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پرموجود ممبئی سٹی ایف سی سے مقابلہ کرے گی تو اس کا واحد مقصد جیت کے ساتھ فارم کو حاصل کرنا ہوگا جبکہ ممبئی سٹی گزشتہ شکست کے جھٹکے سے ابھرنے کی کوشش کرے گی۔ نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ گیارہ ٹیموں کے پوائنٹس ٹیبل میں نویں نمبر پر ہے اور آٹھ میچوں میں صرف دو بار جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ہائی لینڈرز کو بھلے ہی آخری میچ میں اے ٹی کے موہن باغان سے شکست ملی ہو لیکن انہوں نے لڑنے کا جذبہ دکھایا۔ کوچ خالد جمیل کے لڑکے کرسمس کے دو دن بعد ممبئی سٹی کے خلاف میچ جیت کر اپنے مداحوں کو خوش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب آئی لینڈرز کو پچھلے میچ میں کیرالہ بلاسٹرز کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ میں تسلسل اور ٹیم کے توازن کی کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی جیت کا سلسلہ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بے تاب ہوں گے۔ کوچ جمیل نے کہا، ''ممبئی ایک اچھی ٹیم ہے۔ ہمیں مثبت رہنا چاہیے۔ ہم انہیں شکست دے سکتے ہیں اور ہمیں اعتماد کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایک ٹیم اور ایک یونٹ میں ہونا چاہیے۔ ممبئی کو یقین ہے کہ کیرالہ کے ہاتھوں شکست ان کی شاندار فارم میں صرف ایک جھٹکا جیسے تھا۔ کوچ ڈیس بکنگھم کی ٹیم کے سات میچوں میں 15 پوائنٹس ہیں اور وہ آئندہ میچ میں جیت کے ساتھ اپنی ٹاپ پوزیشن کو مضوط کرنے کی کوشش کرے گی۔