راجوری//ناجائز تجاوزات کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ راجوری نے بڈھون علاقے میں کارروائی کرکے 430کنال سرکاری اراضی بازیاب کروالی ہے ۔یہ اراضی خسرہ نمبر451, 463 525اور165میں تھی جس پر مقامی لوگوں نے ناجائز طور پر قبضہ کیاہواتھا۔انتظامیہ کی طرف سے ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کی نگرانی اور تحصیلدار راجوری محمود ریاض کی قیادت میں ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اس اراضی کو واگزار کروالیا ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاستی گورنر کی طرف سے اس بات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام ڈپٹی کمشنر اپنے اپنے اضلاع میں سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کو ختم کروائیں اوراسی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری نے بھی ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم چھیڑ رکھی ہے ۔واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے گزشتہ ہفتے محکمہ مال کی کارکردگی کاجائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ لی جس دوران سرکاری اور کاہچرائی والی اراضی سے ناجائز تجاوزات ختم کرنے کیلئے تحصیل سطح پر اہداف مقرر کئے گئے ۔اہداف کے مطابق ضلع کی تیرہ تحصیلوں میں 3800کنال سرکاری و کاہچرائی اراضی سے دو ہفتوں میں قبضہ چھڑایاجائے گا۔اس اراضی میں سے گیارہ سو کنال تحصیل راجوری،ڈیڑھ سو کنال منجاکوٹ،پچاس کنال سیوٹ،سو کنال درہال،چار سو کنال کوٹرنکہ،ڈیڑھ سو کنال کالاکوٹ،چار سو کنال نوشہرہ،دو سو کنال تریاٹھ،پانچ سو کنال قلعہ درہال،ایک سو کنال سندربنی،چار سو کنال خواس،ایک سوکنال بیری پتن اور ڈیڑھ سو کنال اراضی تحصیل منڈی میں واقع ہے ۔اس حوالے سے کارروائی کرتے ہوئے چند روز قبل انتظامیہ نے نوشہرہ کے ایک اینمل ہسبنڈری فارم سے 1020کنال اراضی واگزار کروالی تھی ۔