عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے کل ڈِی ایچ پورہ کولگام کا دورہ کیا اور سابق سپیکرجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی اور سابق وزیر مرحوم ولی محمد اِیتو کو اُن کی 32ویں برسی کے موقعہ پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرحوم ولی محمد اِیتو کو ایک دُوراندیش سیاست داں اور عوامی سطح کا رہنما قرار دیا جنہوں نے اَپنی پوری زِندگی لوگوں بالخصوص پسماندہ اور دیہی کمیونٹیوں سے تعلق رکھنے والوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے وقف کر دی۔
انہوں نے کہاکہ مرحوم ولی محمد اِیتو نے جمہوری اِداروں کو مضبوط بنانے اور عوام کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے ان کے مسائل کے مؤثر حل میں کلیدی کردار اَدا کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت مرحوم رہنما کے عوام دوست طرزِ حکمرانی اور مساوی ترقی کے ویژن کو آگے بڑھانے کے لئے پُرعزم ہے۔اِس موقعہ پر وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے بھی خطاب کرتے ہوئے مرحوم رہنما کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور خطے کی سماجی و اِقتصادی ترقی میں اُن کی گرانقدر خدمات کو یاد کیا۔وزیر برائے امورِ نوجوانان و کھیل کود ستیش شرما، وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور دیگر اراکین اسمبلی نے بھی اِس موقعہ پرخطاب کیا اور مرحوم رہنما کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔