عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری نے نوشہرہ کا تفصیلی دورہ کر کے علاقے میں جاری اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے رابطہ سڑکوں، پلوں اور عوامی سہولیات سے متعلق جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔نائب وزیر اعلیٰ نے نوشہرہ دریا پر بگنوٹی سے ڈبّر تک زیر تعمیر 120 میٹر طویل موٹر ایبل پل اور اپروچ روڈ کا معائنہ کیا، جو نبارڈ کے تحت 771.07 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کو 6 جون 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے این ایچ-144 اے سے نوشہرہ قصبہ تک 2.9 کلومیٹر سڑک کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا، جس پر تقریباً 799 لاکھ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بریری سے مسیتی محلہ نونیال تک 70 میٹر طویل پل، جس کی لاگت 700 لاکھ روپے ہے، کا بھی معائنہ کیا گیا۔اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح کے لیے ہوتے ہیں، اس لیے تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ تمام کام مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور ہر مرحلے پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے۔بعد ازاں انہوں نے سب ضلع ہسپتال نوشہرہ کا دورہ کیا، جہاں مریضوں سے ملاقات کر کے علاج معالجے کی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور طبی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے صحت سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی تلک راج، ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی نوشہرہ سرور محمود سمیت دیگر ضلعی و محکمہ جاتی افسران موجود تھے، جنہوں نے جاری منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔