عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری نے کل گورنمنٹ میڈیکل کالج ( جی ایم سی ) سرینگر میں سرجری ، میڈیسن اور ریڈیولوجی کے شعبوں کی اپ گریڈیشن کیلئے ایک نئی عمارت کی جاری تعمیر کا معائینہ کیا ۔ معائنہ کے دوران انہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل اور مواد کے معیار پر سختی سے عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان اہم محکموں کی اپ گریڈیشن سے صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں طور پر تقویت ملے گی اور سرینگر میں مریضوں کی دیکھ بھال کی خدمات میں اضافہ ہو گا ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی ہموار فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے اور سرینگر اور جموں دونوں ڈویژنوں میں صحت سے متعلق مساوی ڈھانچہ بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔قبل ازیں نائب وزیر اعلیٰ نے سرینگر کے سول سیکرٹریٹ میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کی ۔ وفود نے عوامی بہبود اور ترقی سے متعلق متعدد مسائل اور مطالبات پیش کئے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اٹھائے گئے خدشات کو غور سے سُنا اور کئی مسائل کو موقع پر ہی حل کیا ۔انہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ دیگر تمام حقیقی معاملات کو ان کے فوری اور ہموار ازالے کیلئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔