یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کا مذاق اڑانے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے احاطے میں اس طرح کا واقعہ ہونا افسوس کی بات ہے ۔نائب صدرجمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم نے انہیں فون کیا ہے اور کچھ ممبران پارلیمنٹ نے ان کا مذاق اڑانے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔مسٹر دھنکھڑ نے کہا ‘‘مجھے وزیر اعظم نریندر مودی کا فون آیا اور انہوں نے کل پارلیمنٹ کے مقدس احاطے میں کچھ معزز ممبران پارلیمنٹ کی طرف سے دکھائے گئے توہین آمیز ڈرامے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے مجھے بتایا کہ وہ گزشتہ 20 سال سے اس طرح کی توہین برداشت کر تے آرہے ہیں لیکن ملک کے نائب صدر جیسے آئینی عہدے کے ساتھ اور وہ بھی پارلیمنٹ میں ایسا ہونا افسوس کی بات ہے ۔’’اس پر مسٹر دھنکھڑ نے کہا ‘‘میں نے وزیر اعظم سے کہا کہ کچھ لوگوں کی بے تکی حرکتیں مجھے اپنا فرض ادا کرنے اور ہمارے آئین میں درج اصولوں کا احترام کرنے سے نہیں روک سکتیں۔ میں آئینی اقدار کے تئیں پابند ہوں اور اس طرح کی توہین مجھے اپنے راستے چلنے پر پریشان نہیں کرسکتی۔ ’’واضح ر ہے کہ منگل کو ترنمول کانگریس کے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے پارلیمنٹ کمپلیکس میں دیگر ممبران پارلیمنٹ کے سامنے راجیہ سبھا کے چیئرمین کی نقل کی، جب کہ دیگر ممبران پارلیمنٹ ان کی ویڈیو بناتے رہے ۔