سرینگر//نیشنل کانفرنس نے سوپور میں چھاپڑی فروشوں کے تئیں انتظامیہ کے سخت رویے اور بے تحاشہ طاقت کے استعمال کی مذمت کی ہے اور چھاپڑی فروشوں کے سامان کو سڑک پر پھینکنے اور چیئرپرسن میونسپل کونسل سوپور مسرت کار کیخلاف غیر شائستہ سلوک کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ میونسپل کونسل سوپور کی چیئرپرسن مسرت کار کو ہراساں کئے جانے کے خلاف سخت ردعمل ظاہر ہوتے کرتے ہوئے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ مسرت کار دیگر لوگوں کیساتھ چھاپڑی فروشوں کے ساتھ ہورہی ناانصافی کیخلاف پرامن طریقے سے احتجاج کر رہی تھیں ۔انہوں نے کہا، ’’مسرت کار چھاپڑی فروشوں کی حالت زار کے بارے میں آواز اٹھا رہی تھیں، جو چھوٹی موٹی چیزیں بیچ کر اپنے کنبوں کی کفالت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہند نے اعلان کیا تھا کہ چھاپڑی فروشوں کیساتھ حسن سلوک روا رکھا جائے لیکن یہاں بارہمولہ انتظامیہ حسن سلوک کے بجائے چھاپڑی فروشوں کیخلاف سخت رویہ اور طاقت کا استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی نمائندے کیخلاف غیر شائستہ سلوک کرنے والے اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور زبردستی اُٹھائے جارہے چھاپڑی فروشوں کی بازآبادکاری یقینی بناکر اُن کے خدشات دور کئے جائیں۔