مینڈھر//مینڈھر کے سرحدی علاقہ منکوٹ میں تین سرکاری سکولوں کے بند ہونے کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد حکام نے بھی ان سکولوں کو بند پایا جس کے بعد ان سکولوں میں تعینات اساتذہ کی تنخواہ بند کرکے انکوائری شروع کردی گئی ہے۔سب ڈویژن مینڈھر کے تعلیمی زون منکوٹ میں تین سکول بند ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو نے ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر ساحل جنڈیال سے کہا کہ فوری طور سکول بندہونے کی انکوائری کی جائے ۔ڈی سی کی ہدایت پر ایس ڈی ایم مینڈھر نے زیڈ ای او منکوٹ سے کہا کہ آپ کے کے علاقہ میں کچھ سکول بند ہونے کی خبر ہے لہٰذا فوری طور موقعہ پر جاکر پتہ کریں۔ زیڈ ای او منکوٹ نے انکوائری کرتے ہوئے تین سکول مڈ سکول ناڑ بنلوئی ،پرائمری سکول میملہ بنولئی اور پرائمری سکول دلہ گانی کو بند پایا جس پر زیڈا ی او مینڈھر نے ان سکولوں میں تعینات اساتذہ کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انکی تنخواہ بند کرنے کے علاوہ وجہ بتائو نوٹس جاری کیا ۔ علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ کویڈ کے دوران 11مہینے تک سکول بند رہے اور ایک دن ہوا اسکول کھلے لیکن افسوس کی بات ہے کہ ایک ماہ کے بعد بچوں کے امتحان ہونے والے ہیں اور اساتذہ 11مہینے گھروں میں رہے اور آج جب سکول کھلے تو انہوں نے سکول دوبارہ بند کردئے۔انکا کہنا تھا کہ ان اساتذہ کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔