مینڈھر//مزدور یونین مینڈھر نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ مینڈھر قصبہ میں نصب سٹریٹ لائٹیں ٹھیک کرواکر انہیں فعال بنایاجائے ۔ مزدور یونین کے صدر عبدالمجید چوہدری اور جنرل سکریٹری مشتاق فانی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ مینڈھر قصبہ کی حالت دن بدن خراب ہورہی ہے اور رات کو چلتے وقت روشنی کا کوئی انتظام نہیںہوتا۔ انہوںنے کہاکہ2008-09میں نصب شدہ لائٹیں ناکارہ پڑی ہیں جن کو فعال بنایاجائے اور ساتھ ہی ضرورت کے مطابق مزید لائٹوں کی تنصیب کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ یہ لائٹیں کئی سال سے خراب پڑی ہیں تاہم متعلقہ محکمہ نے یہ گوارہ نہیں سمجھا کہ لاکھوں روپے خرچ کر لگائی گئی ان لائٹوںکو ٹھیک کروایاجائے ۔ان کاکہناہے کہ جب رات کو بجلی نہ ہوتوقصبہ کے اندر کسی بھی آدمی کا چلنا مشکل ہوجاتاہے اور کئی جگہوں پر کھڈے ہیں جہاں گر کو کوئی حادثہ بھی پیش آسکتاہے ۔انہوںنے بتایاکہ ان لائٹوں کی بیٹریاں بھی غائب کردی گئی ہیں اور متعلقہ حکام خواب غفلت میں سورہے ہیںجس پر انکوائری ہونی چاہئے ۔مزدور یونین لیڈران نے کہاکہ لوگ رات بھر ہسپتال آتے جاتے ہیں جن کو سخت مشکلات کاسامنا کرناپڑتاہے ۔انہوںنے سرکار سے اپیل کی کہ مینڈھر قصبہ کے اندر نصب تمام لائٹوں کو فعال بنایاجائے اور مزید لائٹیں لگائی جائیں ۔ان کا کہنا تھا کہ لائٹیں گلیوں میں نہ ہونے کی وجہ سے کئی بار حادثے پیش آجاتے ہیں ۔