مینڈھر //مینڈھر سے ڈویژن کا سرحدی علاقہ ڈیری ڈبسی میں بنیادی سہولیات کی قلت کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ تار بندی اور صفر لائن کے درمیان میں آبادعلاقہ میں ابھی تک سڑک اور پانی جیسی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جاسکی جبکہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک بنکروں کی تعمیر تک شروع نہیں کی جاسکی ہے ۔غور طلب ہے کہ ڈیری ڈبسی علاقہ صفر لائن پر آباد ہونے کی وجہ سے فائرنگ و دیگر معاملات کی وجہ سے گزشتہ کئی عرصہ سے متاثر رہا ہے ۔مقامی سابقہ سرپنچ نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ چار وارڈوں پر مشتمل ہے جس کی وجہ سے اس میں ایک بڑی آبادی رہائش پذیر ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی عرصہ قبل ایک سڑک کی تعمیر شروع کی گئی تھی لیکن ابھی تک سڑک کا پروجیکٹ مکمل ہی نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکل حالات میں بھی پیدل سفر کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ابھی تک علاقہ میں پانی کی سپلائی کا بھی کوئی بندوبست نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ کی خواتین مشکل وقت میں بھی کئی کلو میٹر کی پید ل مسافت طے کر کے پینے کیلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں ابھی تک کوئی بھی بنکر تعمیر نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ضلع انتظامیہ سرحدی علاقوں میں بنکروں کی تعمیر کے سلسلہ میں بلند و بانگ نعرے لگا رہی ہے تاہم ابھی تک ڈیری ڈبسی علاقہ میں کوئی بھی بنکر تعمیر نہیں ہوسکا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقہ میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کو در پیش پریشانیاں کم ہوسکیں ۔