جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر ٹاؤن میں آر اینڈ بی سب ڈویژن مینڈھر کی نگرانی میں محکمہ مال کے اشتراک سے تجاوزات کے خلاف ایک وسیع اور مؤثر مہم چلائی گئی۔ مشترکہ ٹیم دن بھر موقع پر موجود رہی جبکہ کارروائی دیر شام تک جاری رکھی گئی تاکہ آپریشن کو مکمل اور مؤثر انداز میں پائیہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔انتظامیہ کے مطابق یہ تجاوزات اْس اہم راستے کے اطراف قائم تھیں جو مقامی ہسپتال کی طرف جاتا ہے۔ یہ شاہراہ نہ صرف عام شہریوں بلکہ ایمبولینسوں اور دیگر ہنگامی خدمات کے لئے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ سڑک کے کناروں پر غیر قانونی قبضوں اور عارضی ڈھانچوں کی وجہ سے راستہ کافی تنگ ہو چکا تھا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی اور پیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ خاص طور پر طبی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کی بروقت منتقلی میں رکاوٹ ایک بڑا مسئلہ بن چکی تھی۔عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ محکموں نے بروقت کارروائی کا فیصلہ کیا۔
مہم کے دوران تجاوز شدہ حصوں کو مرحلہ وار صاف کیا گیا اور غیر قانونی تعمیرات کو ہٹایا گیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں سڑک کو اس کی اصل چوڑائی اور الائنمنٹ پر بحال کر دیا گیا، جس سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئی اور اسپتال تک رسائی مزید آسان ہو گئی۔ذرائع کے مطابق پوری مہم قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دی گئی اور محکمہ مال کے افسران کی موجودگی میں قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے بھی مناسب انتظامات کیے گئے تھے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔یہ کارروائی مینڈھر کے مقامی باشندوں کا دیرینہ مطالبہ تھی۔ عوام الناس، بالخصوص منڈل پردھان اور دیگر مقامی نمائندوں نے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کیا اور آر اینڈ بی و ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیم کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن کارروائی کو سراہا۔ شہریوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی عوامی مفاد کے ایسے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ مینڈھر ٹاؤن میں بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔