مینڈھر//مینڈھر کے کئی علاقوں میں پانی کی ہاہاکار مچی ہوئی ہے اور لوگ پانی کیلئے سڑک کنارے گاڑیوں کے انتظار میں گھنٹے کھڑے رہتے ہیں۔حالیہ مہینوں کی طویل خشک سالی سے جہاں پانی کے چشمے سوکھ گئے وہیں محکمہ کی لاپرواہی سے کئی سکیمیں بھی ناکارہ بن کر رہ گئیں جس کے نتیجہ میں لوگوںکو سخت مشکلات کاسامناہے ۔ مینڈھر کے علاقہ اوچھاد میں کئی لوگ ہاتھوں میں برتن لے کر سڑک کنارے پانی کی گاڑیوں کیلئے کھڑے دیکھے گئے جن میں کمسن بچے بھی شامل تھے جنہوںنے چھوٹے چھوٹے برتن تھام رکھے تھے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں پانی کی تمام اسکیمیں ناکارہ ہو گئی ہیں اور ملازم بنیادی سطح پر کام نہیں کر رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خشک سالی سے زیر زمین پانی میں ضرور کمی آئی ہے لیکن متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی لاپرواہی نے تمام اسکیمیں ناکارہ بناچکی ہیں۔ان کاکہناہے کہ ان کیلئے سب سے بڑی مشکل یہی ہے کہ پانی کا انتظام کیسے کیاجائے ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ انہیں پانی کئی کلو میٹر دوری سے لاناپڑتاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں کئی بار متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے بات کی کہ پانی کا کوئی بندوبست کیا جائے لیکن کوئی سنوائی نہ ہوئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ میں ایک بار بڑی مشکل سے ایک گاڑی آتی ہے جس کیلئے بھی مائوں بہنوں کو گھنٹوں سڑک کنارے برتن لیکر کھڑا رہناپڑتاہے اور کئی بار پیسے دے کر خود پانی کی گاڑی منگوانی پڑتی ہے ۔