جاوید اقبال
مینڈھر// قصبہ مینڈھر میں آٹو رکشہ ڈرائیوروں کی من مانی اور ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کے باعث عوامی تشویش میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بغیر لائسنس اور کم عمر ڈرائیور سڑکوں پر آٹو رکشے چلا رہے ہیں، جس سے نہ صرف ٹریفک نظام متاثر ہو رہا ہے بلکہ شہریوں کی جان و مال کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔اسی لاپرواہی کا ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بس اڈہ مینڈھر کے قریب ایک تیز رفتار آٹو رکشہ نے ایک بزرگ خاتون کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ خاتون کی ٹانگ ٹوٹ گئی اور وہ موقع پر ہی گر پڑیں۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے زخمی خاتون کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ان کا علاج شروع کر دیا۔مقامی شہریوں نے بتایا کہ مینڈھر قصبہ میں آٹو رکشوں کی بے قابو رفتار اور ڈرائیوروں کی غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ روزمرہ کا معمول بن چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی ڈرائیور نہ تو درست لائسنس رکھتے ہیں اور نہ ہی ٹریفک قوانین سے واقف ہیں، جس کی وجہ سے حادثات کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور کارروائی کرتے ہوئے آٹو رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ واقعے کی مکمل جانچ کی جا سکے۔علاقہ مکینوں نے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ قصبہ میں خصوصی مہم چلا کر بغیر لائسنس اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں مزید سنگین حادثات پیش آ سکتے ہیں۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ بس اڈہ اور دیگر مصروف مقامات پر ٹریفک نگرانی سخت کی جائے، رفتار پر کنٹرول کیلئے اقدامات کیے جائیں اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت سزا یقینی بنائی جائے تاکہ عوام محفوظ ماحول میں سفر کر سکیں۔