ایجنسیز
میامی/ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹ بالر لیونل میسی کے گول اور بہترین اسسٹ کی بدولت انٹر میامی نے ‘نو اسٹیڈیم’ میں پہلی تاریخی جیت حاصل کر لی۔ اتوار کو کھیلے گئے میچ میں میامی نے پورٹ لینڈ ٹمبرز کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ ورلڈ کپ سے محض ایک ماہ قبل 38 سالہ میسی نے اپنی فارم سے حریف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ۔ میچ کے 30 ویں منٹ میں میسی نے لوئس سواریز اور ٹیلاسکو سیگوویا کے ساتھ بہترین تال میل دکھاتے ہوئے گیند کو جال کی راہ دکھائی اور اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ دس منٹ بعد، میسی نے ایک بار پھر جادوئی کھیل پیش کرتے ہوئے چار ڈیفنڈرز کو چکمہ دیا اور جرمین برٹیرامے کو گول کرنے کے لیے بہترین پاس فراہم کیا، جس نے اسے آسانی سے گول میں بدل دیا۔ مسلسل تین ڈرا اور ایک شکست کے بعد، پانچویں ہوم میچ میں انٹر میامی اس نئے اسٹیڈیم میں فتح کا کھاتہ کھولنے میں کامیاب رہی۔ اس جیت کیساتھ ہی انٹر میامی ایسٹرن کانفرنس میں پہلے نمبر پر آ گئی ہے ۔