عظمیٰ نیوز سروس
واشنگٹن/واشنگٹن میں کھیلے گئے ایم ایل ایس کے سنسنی خیز مقابلے میں لیونل میسی کی شاندار کارکردگی کی بدولت انٹر میامی نے دو گول کے خسارے کے باوجود اورلینڈو سٹی کو 2-4 سے شکست دے دی۔ میسی نے میچ میں نہ صرف دو اہم گول داغے بلکہ ایک گول کرنے میں معاونت (Assist) بھی فراہم کی۔میچ کے آغاز میں میزبان ٹیم اورلینڈو سٹی نے مارکو پاسالک اور مارٹن اوجیڈا کے گولز کی بدولت برتری حاصل کر لی تھی، لیکن انٹر میامی نے دوسرے ہاف میں زبردست کم بیک کیا۔میٹیو سلویٹی نے ہاف ٹائم کے فوراً بعد پہلا گول کر کے فرق کم کیا۔
میسی نے باکس کے کنارے سے شاندار شاٹ کے ذریعے مقابلہ برابر کر دیا۔ 85 ویں منٹ میں میسی کے پاس پر ٹیلاسکو سیگوویا نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔میچ کے آخری لمحات میں اورلینڈو سٹی کے کھلاڑی کولن گسکے کو میسی کو گرانے پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ اس کے دو منٹ بعد میسی نے ایک مرتبہ پھر اپنی مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے لو-فری کک کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔اس جیت کے بعد انٹر میامی کی ٹیم ایسٹرن کانفرنس میں ساتویں پوزیشن پر آ گئی ہے ، جس کے دو میچوں میں تین پوائنٹس ہیں۔ دوسری جانب اورلینڈو سٹی گیارہویں نمبر پر ہے اور اسے ابھی تک اپنے پہلے پوائنٹ کا انتظار ہے۔