عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر/نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ میاں الطاف نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان کو خط لکھ کر نیشنل انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی میں طویل عرصے سے خالی پڑی اہم اسامیوں کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ میاں الطاف احمد نے اپنے خط میں وزیر تعلیم سے اپیل کی کہ ان کلیدی عہدوں کو ترجیحی بنیادوں پر پْر کیا جائے، کیونکہ ان کی عدم دستیابی ادارے کے کام کاج کو متاثر کر رہی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ چیئرپرسن، بورڈ آف گورنرز ڈائریکٹر اور رجسٹرار جیسے اہم عہدے گزشتہ تین برسوں سے خالی ہیں، جس کی وجہ سے ادارے کے انتظامی اور تعلیمی امور میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ این آئی ٹی سری نگر ایک قومی اہمیت کا حامل ادارہ ہے، جو ملک بھر کے طلبہ کو معیاری تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کرتا ہے، تاہم کلیدی عہدوں کی عدم موجودگی کے باعث فیصلہ سازی کے عمل میں تاخیر اور غیر مؤثریت پیدا ہو رہی ہے۔میاں الطاف نے وزیر تعلیم سے مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان عہدوں کو فوری طور پر پْر کیا جائے تاکہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے اور طلبہ و عملے کو درپیش مسائل کا حل ممکن ہو۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس معاملے پر فوری توجہ دی جائے گی، جس سے ادارے کو مزید مضبوط بنانے اور اس کے مقاصد کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے میں مدد ملے گی۔