یو این آئی
میامی گارڈنز، فلوریڈا/میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ایک بڑا الٹ پھیر دیکھنے میں آیا ہے جہاں عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز تیسرے راؤنڈ میں امریکی کھلاڑی سیبسٹین کورڈا سے ہار کر ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد کورڈا نے الکاراز کو تین سیٹس میں شکست دے کر ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کر دیا۔سیبسٹین کورڈا نے الکاراز کو 6-3، 5-7، اور 6-4 سے شکست دی۔ یہ میچ 2 گھنٹے اور 19 منٹ تک جاری رہا۔ عالمی نمبر 36 کورڈا، گزشتہ ایک سال میں الکاراز کو شکست دینے والے سب سے کم رینکنگ والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
جنوری میں آسٹریلین اوپن جیت کر ‘کیریئر گرینڈ سلیم’ مکمل کرنے والے الکاراز کے لیے یہ ہفتہ مشکل رہا، وہ گزشتہ ہفتے انڈین ویلز کے سیمی فائنل میں بھی شکست کھا گئے تھے ۔دیگر نتائج میں امریکی کھلاڑیوں کی برتری رہی ۔سیبسٹین کورڈا کے ساتھ ساتھ دیگر امریکی کھلاڑیوں، ٹیلر فرٹز اور ٹومی پال نے بھی اپنے اپنے میچز جیت کر چوتھے راؤنڈ (لاسٹ 16) میں جگہ بنا لی ہے ۔ کورڈا اب چوتھے راؤنڈ میں کیرن کھچانوف اور مارٹن لینڈالوس کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ٹکرائیں گے ۔