جموں//جموں شہر کے قلب میں واقع مولانا آزاد اسٹیڈیم کے 'سوئمنگ پول' کی ہمہ موسمی اپ گریڈیشن کا کام فنڈز کی قلت کے باعث متاثر ہو رہا ہے ۔سال 2019 میں اس پول کی تجدید کاری کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن مبینہ طور پر اقتصادی بحران کی وجہ سے یہ کام متاثر ہو رہا ہے ۔سپورٹس کونسل کے ذرائع نے بتایا کہ ماہ جون میں یہ پول جموں وکشمیر سپورٹس کونسل کے حوالے کرنا تھا لیکن اس کی تجدید کاری کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس پول کی تجدید کاری کا کام سال 2019 میں شروع کیا گیا تھا تاکہ اس کو ہمہ موسمی بنایا جائے ۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ سال 2020 میں کورونا کی وجہ سے اس پول کا کام بھی معطل کیا گیا تھا لیکن کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ پھر اس پر کام دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔انہوں کہا: 'اس پول پر کام جاری ہے لیکن کام کی رفتار کافی سست ہے پہلے کورونا کام کی رفتار میں سستی کی وجہ بن گیا تھا اور اب فنڈز کی عدم دستیابی آڑے آ رہی ہے '۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے کچھ رقم ادا کی گئی تھی لیکن جب تک پوری رقم واگذار نہیں کی جائے گی تب تک کسی بھی ڈیڈ لائن کا پورا ہونا ممکن نہیں ہے ۔موصوف نے کہا کہ اس پول کی ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے تجدید کاری کی جا رہی ہے ۔مذکورہ ذرائع نے کہا کہ اس رقم میں سے تین کروڑ تین لاکھ روپے تجدید کاری پر جبکہ باقی رقم سپلیش پول کی تعمیر کے لئے مختص تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ پول سال 2020 کے اواخر تک تیار ہونا چاہئے تھا لیکن کورونا کی وجہ سے اس میں پہلے تاخیر ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ اس پول کو قومی معیار کے سوئمنگ پولز کے معیار کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے ۔