یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف متنازعہ تبصرے کے معاملے میں حکومت ہند نے پیر کو مالدیپ کے ہائی کمشنر کو طلب کیا اورسرکاری طورپر احتجاج کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق ہندوستان مالدیپ کے وزراء کے بیانات کے حوالے سے کسی بھی طرح نرمی کا مظاہرہ کرنے کو تیار نہیں ہے ۔ مالدیپ میں سفارتی سطح پر سرکاری احتجاج درج کرانے کے بعد ہندوستان نے آج دہلی میں مالدیپ کے ہائی کمشنر کو طلب کیا ہے ۔ مالدیپ کے ہائی کمشنر صبح ساؤتھ بلاک میں واقع وزارت خارجہ پہنچے ۔ذرائع کے مطابق ہندوستان نے اس پورے تنازع پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ مالدیپ کی حکومت نے متنازعہ بیان دینے والے تین وزراء کو برطرف کر دیا ہے اور ایک سرکاری بیان جاری کیا ہے جس میں وزراء کے بیانات کو ان کے ذاتی خیالات اور حکومتی موقف سے مختلف قرار دیا ہے ۔